|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2020

ہرنائی: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے پارٹی ہرنائی ضلع کمیٹی اور ہرنائی میںپارٹی میںشمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 47ویں برسی کے موقع پر چمن میں مرکزی او ر عظیم الشان جلسہ عام پر پارٹی کے تمام عہدیداروں وکارکنوں اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اور کہا ہے کہ پشتونخوامیپ ہی وہ قومی سیاسی جمہوری جماعت ہے جس نے اپنے عوام اس کے حقوق اور اس وطن کی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے عوام غیروں کی سیاست ترک کرکے پشتونخوامیپ کے صفوں میں شامل ہوجائیں اور پارٹی کارکنان اپنی نظم وضبط اور فعالیت کو مزید بہترکرکے عوام تک پارٹی پروگرام پہنچائیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ جام کمال کی جانب سے نیب کے ساتھ معاہدے کوصوبائی خودمختیاری اور آئین پاکستان کی پائمالی قرار دیتے ہوئے۔

اس پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ، وزیر اعلیٰ کا بیان اُ ن کی اور ان کی حکومت کی نااہلی اور اپنی حکومت پر عدم اعتماد کی کھلی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس مانیٹرنگ کے ادارے انٹی کرپشن ،وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم اور حکومتی ایگزیکٹو ایجنسیوں (سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ ایریگیشن ، محکمہ پی ایچ ای ، سول ورکس ڈیپارٹمنٹ ، لوکل گورنمنٹ اور بی ڈی اے ۔ جی ڈی اے ) میں مانیٹرنگ سیل موجود ہیں۔

اسی طرح پلاننگ ڈیولیپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ کے علاوہ ایک سپیشل سیکرٹری برائے مانیٹرنگ موجود ہیں اگر صوبائی حکومت اپنے اداروں سے کام نہیں لے سکتی ہے او رفیڈرل ادارے کے ساتھ معاہدے پر جارہی ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ صوبائی حکومت نااہل اور ناکام ہے اور ایسے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرکے مستعفی ہونا چاہیے۔