|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ادارہ شماریا ت کے ایک ہفتے میں مہنگائی کئی گنا بڑھنے کے نتائج نااہل حکومت کی ابتر کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، حکومت کورونا کو بہانہ بنا کر پی ڈی ایم تحریک کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری ،معاشی بدحالی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں یکسر ناکام ہے ملک میں حکومتی رٹ ختم ہوتی جارہی ہے خود ساختہ مہنگائی سے غریب و متوسط طبقے پریشان ہیں حکومتی اعداد وشمار بتا رہے ہیں کہ مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے لیکن حکومت کورونا وائرس کی آڑ لیکر پی ڈی ایم کی تحریک کو ناکام بنا نے کے درپے ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل حل کرے نہ کہ انہیں بڑھائے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں حقیقی جمہوریت ،آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی میڈیا کی آزادی سمیت عوامی مسائل کی جنگ لڑ رہی ہے یہ کہنا غلط ہے کہ پی ڈی ایم اقتدار کے حصول کے لئے یہ سب کچھ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوامی خدمت کو اولین فریضہ سمجھا ہے ہمیں عوام کی خدمت کرنے کے لئے کرسی یا اقتدار کی ضرورت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کا جانا طے ہوچکا ہے اب وزراء اور کچن کابینہ اپنے دن بڑھانے کے لئے بیانات دے رہے ہیں لیکن وہ کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے ۔