|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2020

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کوئٹہ کے زیراہتمام دہوار گڑھ کلی جیو میں تنظیم سازی کا عمل مکمل ہوا بابل جتک یونٹ سیکریٹری اور حافظ عصمت اللہ ڈپٹی یونٹ سیکریٹری “جیو یونٹ” منتخب ہوئے۔یونٹ اجلاس سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری خیر جان بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری خیربخش بلوچ، ضلعی صدر کوئٹہ حاجی عطاء محمد بنگلزئی۔

صوبائی سوشل میڈیا سیکریٹری سعد دہوار بلوچ، جنرل سیکرٹری کوئٹہ حاجی ریاض زہری، سلطان بنگلزئی اور بابل جتک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرست سیاست کے خلاف ایک محاذ بنایا گیا ہے اور مصنوعی سیاسی جماعتوں کے ذریعے قوم پرست و وطن دوست سیاسی قوتوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اسلام آباد میں بلوچستان کے سیاسی و جمہوریت پسند رول و کردار کو مسخ کرنے کی سازشیں کی جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دھاندلی اور انجینئرڈ انداز میں جس مصنوعی قیادت کو بلوچستان کے نام پر اسلام آباد اور ملک میں متاعرف کرنے کی کوشش کی جاری ہے اس کا بلوچستان کی قومی و سیاسی جدوجہد سے کوئی سروکار نہیں بلکہ در اصل یہ عمل بلوچستان کی قومی و سیاسی جدوجہد کے خلاف ایک گہری سازش ہے بلوچستان کے نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں نے اس منفی سوچ کے خلاف متحد و منظم کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کلی جیو روز اول سے قومی سیاست کا مضبوط گڑھ رہا ہے یہاں کے سیاسی کارکنوں نے جہد مسلسل کے پرچم کو تسلسل کے ساتھ تھامے رکہا ہوا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نیشنل پارٹی کو مزید فعال و متحرک رکھتے ہوئے ایک مضبوط سیاسی و قومی جماعت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور نیشنل پارٹی کے دوستوں کو اس پورے علاقے میں اپنا فعال سیاسی کردار ادا کرنا ہوگا یہ علاقہ مکمل طور پر نظریاتی اور سیاسی علاقہ ہے۔

گو کہ اس مشکلات اور مصائب اپنی جگہ مگر دوست آپس میں رابطوں کا سلسلہ بحال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے اور مضبوط سیاسی پارٹی کے بغیر سیاسی تحریک کی کامیابی ممکن نہیں، ہر سیاسی کارکن کی زمہ داری ہے کہ پارٹی کو اپنے اپنے علاقے میں فعال و متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔نیشنل پارٹی سریاب کو ترقی پسند قوم پرست سیاست کا ایک مضبوط گڑھ اور اہم ستون سمجھتا ہے اور اس کے مضبوطی کے لیئے اپنا بھرپور سیاسی و قومی فریضہ انجام دے گی۔