کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی غیر سنجیدگی کے سبب بلوچستان کے حالات روز بہ روز خراب تر ہوتے جارہے ہیں سماج دشمن عناصر کو کھلا چھوٹ دیا گیا ہے امن و امان کی بڑھتی صورتحال نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔
سماج دشمن عناصر منشیات اور دیگر برائیوں کے علاوہ عام لوگوں کے اراضیات پر زبردستی قبضہ کرکے انھیں زد کوب بھی کرتے ہیں بیان میں کہاگیا کہ گزشتہ دنوں ضلع کیچ کے تحصیل ہوشاپ میں سعید لاٹو نامی شخص نے اپنے مسلح گروہ کے ساتھ ندیم چارشنمبے کی جگہ پر زبردستی قبضہ کیا جب ندیم وہاں پہنچا تو اس نے ساتھوں کے ساتھ ان پر حملہ کیا اور کلاشنکوف کے بٹوں سے اس کو شدید زخمی کردیا ۔
جس پر علاقائی عمائدین نے ڈی سی تربت کے پاس جاکر اس منشیات فروش، بدمعاش اور سماج دشمن عناصر کی شکایت درج کرائی اور ملزم کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرایا لیکن تاحال اس کو گرفتار کیا گیا اور نہ اس کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی گئی۔
بیان کہاگیا کہ اگر ایسی طرح انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی کے اداروں نے چور و بدمعاش اور منشیات فروشوں کی پشت پناہی کی تو اس کے علاقے کے لیے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سماج دشمن عناصر اور اس کے مسلح گروہ کو گرفتار کیا جائے اور غیر قانونی اسلحہ اس سے بازیاب کرا کے عدالت کے سامنے لایا جائے۔ بیان میں کہاگیا کہ سعید لاٹو پر ایف آئی آر کو ایک ہفتہ گزر گیا ہے اور مجرم مسلح افراد کے ساتھ دندناتے پھر رہا ہے۔