|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2020

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقرنے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک 2017ء سے خواتین کے اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروبار کو سہولت دینے کے لیے اپنی رعایتی ری فنانس اینڈ کریڈٹ گارنٹی اسکیم فار ویمن انٹرپرینورز کے ذریعے فنانسنگ فراہم کررہا ہے خاص طور پر بلوچستان کی خواتین کو فائدہ پہنچانے کے لیے اور انہیں اس اسکیم کے تحت قرضے حاصل کرنے کی ترغیب دینے کی خاطر بلوچستان کی تاجر خواتین کے لیے 20 فیصد کوٹا مختص کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز تخفیف غربت اور سماجی تحفظ پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم کی خصوصی مشیر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، اسٹیٹ بینک کے سینئر افسران، بینکوں کے صدوراوردیگرمتعلقہ فریقوں کے ساتھ آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنراسٹیٹ بینک باقر رضانے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی کاوشیں حکومت کی خود روزگار کو ترغیب دینے کی ترجیحات سے ہم آہنگ ہیں۔

کیونکہ وزیراعظم کی کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینورشپ اسکیم کے تحت خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹا مختص کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برانچ لیس بینکاری ایجنٹوں کے ذریعے صرف نقد رقم کی موجودہ سہولت سے آگے بڑھ کر اسٹیٹ بینک وزیراعظم کے ’’ایک عورت ایک اکاؤنٹ‘‘ وڑن پر عملدرآمد کرنے کے لیے احساس پروگرام کے ساتھ شراکت کررہا ہے۔