کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر وسینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوا میپ نے پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت کی ہدایت پر منتخب اراکین کے استعفے جمع کر دیئے ہیں جسے جلد ہی پارٹی چیئرمین کو ارسال کردیا جا ئے گا ، سلیکٹڈ حکومت کومزید برداشت نہیں کریں گے ، پشتونخوا میپ اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جما عتیں ملک میں آئین وقانون کے لئے جددوجہد جاری رکھے ہو ئے ہیں۔
اگر سلیکٹڈ حکمرانوںنے لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی تو ملک بھر میںاحتجاج کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے آئی این پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے شروع دن سے ہی سلیکٹڈ حکومت کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی آئندہ تسلیم کرے گی کیونکہ اس وقت ملک میں آئین کی حکمرانی نہیں ہے۔
اور ملک میںجو بھی فیصلے ہورہے ہیں وہ غیر جمہوری طریقے سے ہورہے ہیں ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کردیا گیا ہے جنہوںنے ملک کو بحرانوںمیںدھکیل دیا ہے ۔ پی ڈی ایم کی تحریک اب روکنے والی نہیںاور موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کو جلد گھر بھیج دیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی تمام اراکین سے استعفے جمع کرکے پارٹی کے مرکزی قیادت کو ارسال کرے گی ، 13دسمبر کو لاہور میںہر صورت میںجلسہ ہوگا۔
اور جلسے میں آئندہ کالائحہ کا اعلان بھی کیا جائے گا ۔ سلیکٹڈ حکمرانوںنے جس طرح لاہور کے پارک میں پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل پانی چھوڑ کر غیر جمہوری طریقہ اپنایاہے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت کو بتاناچاہتے ہیںکہ لاہور میں ہر صورت میں جلسہ ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ملک کو آئین و قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کررہی ہے اور جمہوریت کی بحالی کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار ہیںکیونکہ ا س وقت ملک میں صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔
اورپی ڈی ایم کا احتجاج و جدوجہد صرف انتخابات تک نہیں بلکہ سیاست میں ان قوتوں کی مداخلت بند کرنے کے لئے ہے جن کی بدولت آج عمران ملک و قوم پر مسلط ہے ۔