پاکستان وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان میں ہزارہ برادری کی جانب سے کان کنوں کے قتل کے خلاف جاری دھرنے کے شرکا سے درخواست کی ہے کہ وہ دھرنا ختم کرکے میتوں کی تدفین کر دیں اور کہا ہے کہ وہ جلد ان سے ملاقات کے لیے آئیں گے۔
مچھ میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب مسلح افراد نے دس کان کنوں کو قتل کر دیا تھا جس کے بعد ان کے لواحقین اور ہزارہ برادری کے دیگر افراد نے کوئٹہ میں میتوں کے ہمراہ دھرنا دے رکھا ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ دھرنا ختم کروانے کے لیے کوششیں جاری ہیں تاہم دھرنے کے شرکا وزیر اعظم سے ملاقات کے بغیر احتجاج ختم کرنے پر آمادہ دکھائی نہیں دیتے۔
بدھ کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ متاثرین کے درد میں شریک ہیں اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔