کوئٹہ: چیف آف پشتون اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء نواب ایاز نواب ایاز خان جوگیزئی نے انڈسٹریز کیلئے اعلان کردہ پیکیج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کی زمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے،ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے کی بجائے معاملات کو خلوص نیت سے آگے بڑھایا جائے تو اچھا ہوگا،توانائی بحران کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس کے بغیر ملک کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،انڈسٹریز کے لئے پیکیج سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کمی نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں کیسکو چیف محمد عارف کے ساتھ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
نواب ایاز خان جوگیزئی کا کہنا تھا کہ واپڈا کا انڈسٹریز کے لئے پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے اسے صوبے میں صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،انہوں نے کہا کہ زراعت اور گلہ بانی جیسے پیداواری شعبہ جات بھی کہیں نہ کہیں صنعت کاری کے شعبے سے جڑ جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ دور جدید میں ترقی کا تمام تر انحصار توانائی پر ہے ۔
جب توانائی ہوگی تو معیشت،صنعت،تجارت اور زراعت کے شعبوں کاپہیہ چلے گا۔انہوں نے کہا کہ واپڈا،زمیندار،صنعتکار سب ہمارے اپنے ہیں یہ تو ہو نہیں سکتا کہ ہم بجلی استعمال کرتے رہے اور بل نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کیلئے پیکیج سے معلوم ہو رہا ہے کہ ملک میں بجلی کی کمی نہیں ہے گزشتہ برسوں میں بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے ہم سب ذمہ دار ہیں ایک دوسرے کو الزامات دینے کی بجائے سب خلوص نیت سے معاملات کو آگے بڑھائیں تو معاملات خود بخود درست سمت میں بڑھیں گے۔