کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی نائب صدر نوراللہ وطن دوست ، نائب صدر جواد ہزارہ و دیگر نے سانحہ مچھ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عنقریب پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس بلا کر صوبائی اور وفاقی حکومت کے ساتھ اتحاد میں رہنے یا نہ رہنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا ، 22سالوں سے ہزارہ برادری پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ ہنوزجاری ہے جو کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی نااہلی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی صدر رئوف بابر ، خواتین ونگ کی صوبائی شاہدہ کاکڑ، ندیم شاہ بخاری ، سید نیا محمد آغا کے ہمراہ بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ2اور 3جنوری کی درمیانی شب انتہائی دلخراش واقعہ ہوا اور 10بے گناہ افراد کو زبح کیا گیا جس کی پارٹی پرزور مذمت کرتی ہے مذکورہ واقعہ صوبائی و مرکزی حکومت کی نااہلی ہے ۔
جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔ گزشتہ22سال سے ہزارہ قوم پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں ابھی تک 2ہزار سے جاں بحق اور 7ہزار زخمی ہوچکے ہیں ، جمہوری وطن پارٹی نے ہمیشہ صوبے میںہونے والے مظالم پر بھر پور آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری وطن پارٹی متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔