اسلام آباد: مسلم لیگ (ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے شرکاء سے میتیں دفنانے کی اپیل کر تے ہوئے کہاکہ آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں۔
پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے شرکاء سے میتیں دفنانے کی اپیل کر دی۔
انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ میری اپیل ہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبر دے۔ آمین۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری دکھی ماؤں، بہنو! اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیںپوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے میں اور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں۔
لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں آپ اپنے پیاروں کی میتیں دفنا دیں تاکہ ان کی روح کو سکون ملے ۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کی ہدایت پرآج ( جمعرات ) مچھ سانحہ کے متاثرین سے ملاقات کیلئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے ۔
متاثرین میتوں کی تدفین کی اپنی بیٹی کی درخواست کو رد نہیں کریں گے، چار دنوں اور راتوں سے شدید سردی میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے، یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے پہلے جاری کئے گئے بیان میں مریم نواز نے مچھ میں قتل ہونے والے کان کنوں کی میتوں کے ساتھ احتجاج کرنے والوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میری دکھی مائوں، بہنوں کیلئے اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں،پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے ۔میںاور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں۔
وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں ۔ میری اپیل ہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں للہ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں ،اللہ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے اور آپ کو صبر دے۔ ایک دوسری ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ چار دنوں اور راتوں سے اس شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔
یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔میں اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر انشا اللہ آج ( جمعرات )یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں۔ مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔