کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینیٹرعثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت بے بس اور بے اختیار ہے پانچ دن گزرنے کے باوجود لاشیں سڑکوں پر پڑی ہے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ جا کر دھر نے کے شرکا ء کے مطالبات سنیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی صوبے میں جاری دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔
اور دہشت گردی کے شکار ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کی ہرممکن حما یت جا ری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کے وزرا اور مشیروں کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرکے لواحقین کے زخموں پر مرہم پٹی رکھیں انہوں نے کہاکہ پشتونوںبلوچوں اور ہزارہ برادری نے نام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔
اور اب ملک میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں اور ان کو ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی شروع دن سے ان چیزوں کے خلاف تھے مگر تمام تر حالات کے باوجود سلیکٹڈ حکومت ان مسائل پر توجہ دینے کی بجائے پی ڈی ایم اور جمہوری قوتوں کے خلاف سازشیں کررہی ہے ۔
مگر اب ان کی سازشیں کامیاب نہیں ہو گی کیونکہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اب عوام نے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف فیصلہ دیدیا جس کی وجہ سے اب حکمرانوں کو جانا ہوگا کیونکہ ملک کے بحرانوں کے ذمہ دار یہی قوتیں ہیں جنہوں نے ملک کو تباہی و بربادی سے دوچا رکیا ہے۔