|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2021

قلات؛ قلات میں تاریخی سردی ، درجہ حرارت منفی 13 ریکارڈ، خون جما دینے والی سردی میں لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پانی کی پائپ لائنیں جم کر پھٹ گئیں۔ پانی کی سپلائی معطل، شدید سردی گیس پریشر مکمل غائب۔

بجلی کی آنکھ مچولی، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات قلات کے انچارج شیر احمد مینگل کیمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قلات میں درجہ حرارت منفی 13 ریکارڈ کیا گیا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہیکہ ایک طرف یخ بستہ ہواوں کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ ایک طرف گیس کی مکمل بندش جاری ہے۔

جس سے گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ خواتین کو امور خانہ داری میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ جبکہ دوسری جانب بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے عوامی حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وفاقی محتسب اعلی و دیگر ذمہ داران سے گیس بندش اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔