|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، اپوزیشن حلقوں میں مداخلت کا سلسلہ جاری رہا توسخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوںگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ملک نصیر شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ صوبے کے ساحل وسائل اور حقوق کے لئے جمہوری انداز میں جدوجہد کی ہے لیکن اس جدو جہد کی پا داش میں ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلوچستان کے مسائل پر پہلے رہے۔

اور نا ہی اب خاموش رہیں گے کیونکہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ عہد کر رکھاہے کہ وہ ان کے حقوق کے لئے ہر قربانی دے گی ، انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت جلد جانے والی ہے کیونکہ ملک کو بحرانوں میں دھکیلنے کے ذمہ دار یہی صوبائی و وفاقی حکومتیں ہیں جنہوں نے ملک کے معاشی حالات کو کمزور کیاانہوں نے کہا کہ مو جو دہ صورتحال سے لگ رہا ہے کہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

صوبائی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جب بھی زرعی سیزن شروع ہو تا ہے تو ایران سے ٹماٹر،آلو ،پیاز، سیب و دیگر پھلوں کی در آمد شروع کر دی جا تی ہے۔

جس کی وجہ سے یہاں کے زمینداروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اپوزیشن جماعتیں نے گزشتہ روز بھی اسمبلی فلور پر اس معاملے کو اٹھایا انہوں نے کہاکہ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا انتہائی ناروا عمل ہے اور اس عمل کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔