|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2021

کوئٹہ: لانگو ایلڈرز کونسل ڈھلو چھپر کے رہنمائوں کہا ہے کہ لانگو قبائل اور رائل فیملی کے درمیان اراضیات کے تنازعے کو سیاسی رنگ دینا قابل مذمت ہے تنازعہ سے متعلق انہوں نے اختر حسین لانگو اور نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی کو ثالث بنا کر اختیار دیدیا ہے ۔ یہ بات فضل محمد لانگو ، حافظ عبدالمجید لانگو ودیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہاکہ رائل فیملی اور لانگو قبائل کے درمیان اراضیات کے مسئلے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ تنازعہ سے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جاچکا ہے چند دن پہلے مبینہ طور پر ڈھلو میں فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی جس سے متعلق ہم نے پہلے بھی پریس کانفرنس کیا تاہم بعد ازاں ایک مرتبہ پھر شنید میں آیا کہ ایک مرتبہ پھر علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

جس پر چند مشتعل نوجوانوں نے اپنی حفاظت کے لئے علاقے کو کور کیا تاہم معتبرین کی ہدایت پر ہم نے اختر حسین لانگو سے رابطہ کرتے ہوئے اسے اور نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو ثالث بنا کر اختیار دیدیا ہے ۔