|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2021

ڈیرہ مراد جمالی: کچھی کینال کی عدم تکمیل کے خلاف جمعیت علماء پاکستان نصیر آباد ،پاکستان مسلم لیگ ن ،مستری مزدور یونین،منگی ویلفیئر ایسو سی ایشن اور سماجی تنظیم کے رہنما میر حق نوا ز خان بگٹی کے زیر اہتمام 07فروری 2021بروز اتوار کو ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور پریس کلب کے سامنے دھرنا و مظاہرہ کیا جائے گا کچھی کینال کی بحالی و ڈیرہ مراد جمالی کے دیگر بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدمات نہیں کئے جا رہے ہیں۔

جس کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز شروع کر دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستا ن کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ عبدالحکیم انقلابی،سماجی رہنما میر حق نواز خان بگٹی،مستری مزدور یونین کے صدر محمد ھارون چکھڑااور غلام مصطفٰی اور سکندر علی منگی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا قبل ازیں انہوں نے احتجاجی ریلی میں شرکت کے حوالے سے بازار میں تاجروں مزدوروں اور ریڑھی بانوں میں پمفلیٹ بھی تقسیم کئے۔

انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کی تکمیل نہ ہونے سے بلوچستان کے عوام مزید غربت کا شکار ہوتے جا رہے ہیں 2001؁ء میں 32ارب روپے کی لاگت سے شروع ہونے والا کچھی کینال کا یہ منصوبہ 20سال کی طویل مدت گزرنے کے باوجود صرف ایک فیز کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی،جھل مگسی،بولان،کے سات لاکھ 13ہزا ر ایکڑ اراضی ابھی تک بنجر ہے اگر کچھی کینال مکمل کیا جائے۔

تو یہ تمام ایکڑ اراضی آباد ہونے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں زرعی انقلاب آئے گا انہوں نے کہا کہ 6ہزا ر کیوسک بلوچستان کے حصے کا پانی کچھی کینال منصوبے کو مکمل نہ ہونے سے دوسرے صوبے استعمال کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں سیوریج سسٹم ،الاٹمنٹ پالیسی،بائی پاس،پینے کا صاف پانی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیئے کوئی خاطر خوا ہ اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔

جس سے عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو تا جا رہا ہے عوامی مسائل کے حل کے لیئے ہم نے یہ احتجاجی تحریک شروع کی ہے نصیر آباد اور ڈیرہ مراد جمالی کے غیور عوا م کو چائیے کہ وہ 7فروری کو ہونے والی احتجاجی ریلی میں شرکت کر کے اپنے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔