|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2021

کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ملک کی معیشت کو استحکام بخشنے میں کلیدی کردار ہے. انہوں نے کہا کہ اچھی طرز حکمرانی قائم کرنے اور معاشرے کو ناجائز سفارشوں اور کرپشن سے پاک رکھنے میں آفیسرز حضرات اپنا بھرپور کردار ادا کریں. یہ بات انہوں نے کوئٹہ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے پاکستان کسٹمز سروس کے زیرتربیت آفیسرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جسکی قیادت ڈائریکٹ جنرل اف ٹریننگ اینڈ ریسرچ کراچی کے سربراہ ممتاز علی کھوسو کررہے تھے. اس موقع پر بلوچستان کلکٹر کسٹم وحید مروت بھی موجود تھے ۔پاکستان کسٹمز سروس کے زیرتربیت آفیسرز سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ سرکاری آفسرز کسی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر اپنی پیشہ روانہ صلاحیتیں بروئے کار لاکر عوام کو درپیش مسائل ومشکلات حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقابلہ کا امتحان پاس کرنے اور ٹریننگ حاصل کرنے بعد آپ پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ آپ ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں. ملاقات کے دوران زیرتربیت آفیسران کے ساتھ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں۔

امن وامان کی صورتحال، خطے میں رونما ہونے والی معاشی وتجارتی تبدیلیوں اور سرکاری ملازمت کے دوران پیش آنے والے نشیب و فراز کے امور بھی زیر بحث آئے. آخر میں گورنربلوچستان اور مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔