|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2021

کوئٹہ: وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن نے کوئٹہ میں سماعت کا آغاز کردیا کمیشن نے پہلے روز بارہ لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کی دو لاپتہ افراد کے بازیاب ہوکر گھروں کو پہنچنے کی تصدیق ہوئی۔

جبکہ دو لاپتہ افراد کے کیسز لاپتہ کے زمرے میں نہ آنے کی وجہ سے خارج کردئیے گئے ۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن نے پیر سے سول سیکرٹریٹ کے جمالی ہال میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کا آغاز کیالاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی بلوچستان ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج فضل الرحمن کررہے ہیں ۔

سماعت کے موقع پر پولیس،لیویز،اور دیگر ا داروں کے حکام اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ بھی موجود تھے کمیشن میں سماعت کے پہلے روز 12لاپتہ افراد کے کیسز سنے گئے سماعت کے دوران کیچ اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے دو لاپتہ افراد کے بازیاب ہوکر گھروں کو پہنچنے کی تصدیق ہوئی۔

جبکہ دو لاپتہ افراد کے کیسز لاپتہ کے زمرے میں نہ آنے کی وجہ سے خارج کردئیے گئے لاپتہ افراد بازیابی کمیشن کی سماعت 7اپریل تک جاری رہے گی کمیشن مجموعی طور پر 64لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کریگا۔