کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ پریس کلب کے انتخابات میں نو منتخب کابینہ کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دی ہے۔ پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان اور اُن کی مجلس عاملہ کے نام اپنے تہینی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے میڈیا اور صحافی برادری کی اہمیت و افادیت مسلمہ ہے۔
وزیر اعلی نے کہاکہ صوبائی حکومت نے آزادی اظہار کی ہر طرح حوصلہ افزائی اور مثبت تنقید کا کھلے دل سے خیر مقدم کرنے کے ساتھ ساتھ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھو س اقدامات کئے ہیں جن کا اعتراف خود صحافی برادری کو بھی ہے۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کوئٹہ پریس کلب کی نومنتخب کابینہ صحافی برادری کی توقعات پر پورا اُترنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں مثبت اور با مقصد صحافت کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گی انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے پیشہ وارانہ فرائض کی بطریق احسن ادائیگی میں پریس کلب اور پوری صحافی برادری کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔