|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف کی ضمانت کی منظوری حکومت کے سیاسی مخالفین کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنانے کی شکست ہے، کرپشن کے الزامات ایک کے بعد ایک کرکے ختم ہو رہے ہیں مسلم لیگ(ن) کا دامن صاف ہے جلد ہی تمام بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات عدالت سے خارج ہونگے۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ میاں شہباز شریف خادم اعلیٰ پنجاب ہیں جنہوں نے پنجاب کی تقدیر بد ل دی انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیرمیں ایک ڈھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی اور یہ بات اب عدالتوں سے بھی ثابت ہورہی ہے عمران خان کی حکومت کی جانب سے کرپشن کے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں ثابت کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے۔

یہ صرف حکومت کی ابتر کارکردگی چھپانے اور مسلم لیگ(ن) کو الجھائے رکھنے کے لئے بنائے کیس ہیں جنہیں جلد ہی تمام عدالتیں خارج کردیں گی انہوں نے کہا کہ آج میاں شہباز شریف سرخرو ہوئے ہیں۔

عمران خان کا جھوٹا بیانیہ دفن ہوگیا ہے مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی اور ترقی کے لئے کام کیا ہے حکومت مسلم لیگ(ن)کی بجائے اپنے سہولت کاروں پر توجہ دے اور انکے خلاف بھی تحقیقات کرے تاکہ معلوم ہو سکے کہ حکومت کی آڑ میں کس طرح ملک کو لوٹا گیا ۔