|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2021

کوئٹہ:  بلوچستان سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی 2کمرے الاٹ کردئیے گئے جس پر ڈپٹی اسپیکر کے سائن بورڈز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں انتظامی امور کیلئے صوبائی وزراء ،مشیروں اور پارلیمانی سیکرٹریز کو کمرے تو الاٹ کئے تھے لیکن سول سیکرٹریٹ کے محکمہ سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اور اس کے پرسنل سیکرٹری کو دو کمرے الاٹ کئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں سول سیکرٹریٹ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے حکام سے جب رابطہ کیاگیا تو انہوں نے موقف اختیارکیاکہ ہمیں معلوم نہیں تاہم ہمیں اوپر سے حکم ملا جس پر ہم نے دو عدد کمرے ڈپٹی اسپیکر کوالاٹ کئے ہیں تاہم اب دوبارہ مذکورہ کمرے خالی کرائے جارہے ہیں تاکہ دیگر لوگوں کو کمرے الاٹ کئے جائیں ۔یاد رہے کہ دو سال قبل اس وقت کے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ہدایت پر سول سیکرٹریٹ میں محکمہ داخلہ کے بلاک میں دو کمرے ڈپٹی اسپیکر کو الاٹ کئے گئے تھے ۔