|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2022

اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ جعلی ڈگری پر ملک کی قومی ایئر لائن پی آئی اے سے 819 ملازمین کو نکالا گیا ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ایوان بالا( سینیٹ) میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے سے ایک ہزار گھوسٹ ملازمین کو بھی نکالا گیا ہے۔

وفاقی وزیرغلام سرور خان نے کہا کہ پی آئی اے سے تین ہزار ملازمین کو نکالنے پر پیکج منظور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ایک ہزار900 ملازمین نے وی ایس ایس پیکج سے استفادہ حاصل کیا۔

 پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر نے سینیٹ کو بتایا کہ دنیا میں فی جہاز 250 ملازمین کا عملہ ہوتا ہے جب کہ پی آئی اے میں فی جہاز 550 ملازمین کا عملہ ہے۔

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد کا ایوان میں کہنا تھا کہ ہمیں تو پہلے بتایا گیا تھا کہ جعلی ڈگری پر 1500 ملازمین کو نکالا گیا ہے۔