|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2022

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ مؤثر قانون سازی سے عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں۔

 انہوں نے یہ بات قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی امور پرتبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، پارلیمانی اور باہمی دلچسپی کے امور پر پر بھی گفتگو ہوئی۔

قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان پنجاب کے بلدیاتی مسودہ قانون کے حوالے سے بھی گفت و شنید کی گئی۔

 چودھری پرویز الہٰی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں زیر غور بلدیاتی مسودہ قانون پر اعتماد میں بھی لیا۔

چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہا کہ مضبوط بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو نچلی سطح پر مسائل حل کرنے کے لیے بااختیار بنانا ضروری ہے۔