|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2022

سابق صدر آصف علی زرداری کے بعد اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی مسلم لیگ (ق) سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حمایت مانگ لی۔

لاہور میں مولانا فضل الرحمان اور چوہدری برادران کی ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کے درمیان ملاقات دو سیشنزپر مشتمل تھی، دوسرے سیشن میں فضل الرحمان، چوہدری شجاعت، پرویز الٰہی اور اکرم درانی شامل تھے، مولانا فضل الرحمان نے تحریک عدم اعتماد پر ق لیگ کی قیادت سے حمایت مانگی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے پارٹی سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ دی ہے، یہ واحد حکومت ہے جس سے کوئی بھی خوش نہیں ہے، حکومت کے اتحادی بھی ان سے مطمئن نہیں ہیں۔

ملاقات میں چوہدری برادران کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سے دیرینہ مراسم ہیں، ملک کیلئے جو بہترہوگا وہ کریں گے، اپوزیشن جماعتوں سے بعض تحفظات تھے اورہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کی قیادت شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پارٹی اجلاس منعقد کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے ق لیگ کی قیادت سے حکومت کے خلاف تحریک عد اعتماد پر حمایت مانگی تھی۔