|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2022

پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی شدت میں یزی سے کمی آ رہی ہے اور کیسز میں تیزی سے کمی کی بدولت ملک میں 4 جنوری کے بعد اتوار کو ایک دن میں سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اتوار کو ملک میں 847 نئے کووڈ کے کیسز رپورٹ ہوئے جو 4 جنوری کے بعد ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔

رواں سال چار جنوری کو ملک میں 630 کووڈ-19 کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اس دوران ملک میں فعال کیسز کی تعداد میں بھی تیزی سے کمی آئی ہے اور مزید 1200 سے زائد مریضوں کی صحتیابی کے بعد اس وقت ملک میں کووڈ کے فعال کیسز کی کُل تعداد 36ہزار 803 تک پہنچ چکی ہے۔

ملک میں مثبت کیسز کی شرح کم ہو کر 2.11فیصد ہو گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 15لاکھ 8ہزار 504 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 افراد وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد ملک میں اب تک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 30ہزار 173 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان اس وقت بھی ایک ہزار 113 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ کووڈ کے مثبت کیسز اور شرح میں مستقل کمی کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 15 فروری کو 10فیصد سے کم شرح والے اضلاع اور شہروں میں پابندیوں میں نرمی کردی تھی۔