سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کا تقرر 29 نومبر سے پہلے ہوجائے گا۔
کراچی میں احتساب عدالت کے باہر گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ کسی کو نااہل ہوتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتے، سیاست میں مقابلہ سیاسی میدان میں ہی ہونا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کو تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا مگر جو شخص باہر سے آئے پیسوں کا حساب نہیں دے سکا اس کے لیے بھی یکساں پیمانہ ہونا چاہیے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا احتساب عدالت میں تیسرا سال چل رہا ہے، اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، چیئرمین نیب سے سوال ہے کہ تفتیش اور الزامات کا جواب کون دے گا؟۔
نائب صدر (ن) لیگ نے کہا کہ نیب کی بنیاد ایک آمر نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے رکھی، سپریم کورٹ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ 30 سال میں نیب نے کیا کیا۔