|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2022

پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی سابق سینیٹر اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ بیگم نجمہ حمید طویل علالت کے بعد 78 برس کی عمر میں وفات پاگئیں۔

بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ کی رہنما رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں، متوفیہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں۔

وہ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔ نجمہ حمید دو بارسینیٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں، انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتہائی قریب سمجھا جاتا تھا۔

بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد کے موقع پر بیگم نجمہ حمید نے ان کے ہمراہ بھرپور سیاسی جدوجہد میں حصہ لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی نجمہ حمید کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک اور پارٹی کيلئے نجمہ حمید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ نجمہ حميد ایک نظریاتی، بااصول، بہادر، شفیق اور باوفا شخصیت تھیں، افسوس! آج ایک محبت کرنے والی مخلص بہن سے محروم ہوگیا ہوں۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ نجمہ حميد پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھیں،ان کی وفات بڑا نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔