|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2023

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی ان کے لئے کوئی معافی نہیں۔

جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے میں بھی سفارش کروں کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی ۔شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں ،یہ وہ شہداءہیں جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،لہو سے اس کی آبیاری کی ، اور ہم شہداءکو کبھی نہیں بھول سکتے ،یہ ہمارا اثاثہ اور قومی ہیروز ہیں۔

 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ،قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس ،سیکورٹی ایجنسیز کے افسران اور جوانوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں۔ 86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن و استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ،یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت کیا ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے،جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ گرفتاریاں دے دیں ،جیلوں میں چلے گئے ،توڑ پھوڑ نہیں کی ،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا ،ذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان جس دن گرفتار ہوتا ہے جلاﺅ گھیراﺅ اوردفاعی و فوجی تنصیبات پر اس کے شرپسند حملہ آور ہوتے ہیں جن کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے ان کے لئے کوئی معافی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ناقابل معافی جرم اور ریاست پر حملہ ہے ،ریاست کمزور نہیں ،شہیدوں کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ، سوچیں ان شہیدوں کے ورثاءاور لواحقین پر کیا گزرتی ہوگی۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی گناہ گار بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو ہم پکڑیں گے نہیں ،ایسے لوگوں کے لئے سخت قوانین کے تحت کارروائی کریں گے تا کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو۔

اس موقع پر وفاقی وزراءامین الحق اور شیری رحمان نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے ،ریاست پر حملہ آور کسی صورت محب وطن نہیں ہو سکتا جن لوگوں نے یہ کیا انہیں کٹہرے میں لایا جانا بہت ضروری ہے۔