پاکستان نے 15سال بعد ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ توانائی کمیٹی نے ایرانی بارڈر سے گوادر تک 81 کلومیٹرپائپ لائن بچھانے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی بارڈر سے گوادر تک پائپ لائن کی تعمیر پر 45 ارب روپے لاگت آئے گی۔
ذرائع نے بتایاکہ پائپ لائن بچھانے سے پاکستان 18 ارب ڈالر جرمانے کی ادائیگی سے بچ جائے گا اور ایل این جی کے مقابلے میں ایران سے 750 ملین کیوبک فٹ گیس انتہائی سستی ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے گیس خریدنے کے نتیجے میں پاکستان کو سالانہ 5 ارب ڈالر سے زائد بچت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایران 18 ارب ڈالر جرمانے کا نوٹس واپس لے گا، پاکستان امریکا سے آئی پی منصوبے پر پابندیوں سے استثنیٰ بھی مانگے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران ترکیہ،عراق اور آذربائیجان کےساتھ گیس کی خرید و فروخت کر رہا ہے جس پرپابندیاں لاگو نہیں۔
دوسری جانب اعلامیے کے مطابق نگران وزیر توانائی محمد علی کی زیر صدارت کابینہ توانائی کمیٹی اجلاس میں ایران سے گیس درآمد کے لیے ایران سرحد
تک 80 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر کرنے کی منطوری دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اندر 80 کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا، پائپ لائن گوادر سے ایران سرحد تک تعمیر ہوگی، کابینہ کمیٹی نے وزیراعظم کی ستمبر2023 میں قائم وزارتی کمیٹی نے سفارشات کی منظوری دی۔
یاد رہے کہ ایران نے پہلے ہی پاکستان کو 180دن کی ڈیڈ لائن میں ستمبر 2024تک توسیع کر دی ہے اور اس سلسلے میں پیٹرولیم ڈویژن جلد ہی وفاقی کابینہ سے 81 کلو میٹر پائپ لائن بچھانے کے لیے انتظامی منظوری طلب کرے گا اور وزارت خزانہ جی آئی ڈی سی (گیس انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس) کے بورڈ سے مطلوبہ فنڈنگ کا بھی بندوبست کرے گی۔
حکام نے بتایا کہ منصوبے کے مطابق 81 کلومیٹر طویل پائپ لائن گوادر کو آئی پی گیس لائن منصوبے سے منسلک کرے گی اور ابتدائی طور پر گوادر میں گیس استعمال کی جائے گی۔
اگر امریکا نے کسی قسم کی پابندیاں نہ لگائیں تو پائپ لائن کو گوادر سے نواب شاہ سندھ تک بڑھایا جائے گا، اگر واشنگٹن پابندیاں لگاتا ہے تو پاکستان کے پاس اس منصوبے کو ترک کرنے کی معقول وجوہات ہوں گی اور اس طرح وہ 18 ارب ڈالر کے جرمانے اور ثالثی عدالت کی کارروائی سے بچ جائے گا۔
تاہم ایران نے پہلے ہی پاکستان کو 180 دن کی ڈیڈ لائن میں ستمبر 2024 تک توسیع کر دی ہے کیونکہ وہ انتہائی تاخیر کا شکار آئی پی گیس لائن منصوبے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اگر اسلام آباد کے حکام مثبت جواب دینے میں ناکام رہے تو تہران پیرس میں قائم بین الاقوامی ثالثی سے 18 ارب ڈالر کے جرمانے کا مطالبہ کرے گا۔
تاہم، ایران نے ساتھ ہی پاکستان کو اپنی قانونی اور تکنیکی مہارت کی پیشکش بھی کی کہ وہ 180 دن کی ڈیڈ لائن کے اختتام سے قبل مشترکہ طور پر جیت کی حکمت عملی پر کام کرے جس کے تحت اس منصوبے کو اس طرح عملی شکل دی گئی ہے کہ ثالثی سے بچا جا سکے اور پاکستان ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے کسی بھی اثر سے محفوظ رہے۔