|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2024

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت دستک پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں مریم نواز نے گھر تک سروسز فراہم کرنے کے لیے ایپ اور کال سروس شروع کرنے کی ہدایت کی۔ 

وزیراعلیٰ نے دستک پروگرام کے لیے رائیڈرز کی فوری رجسٹریشن اور ٹریننگ شروع کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے لیے سہولت اور گڈگورننس ہرحال میں یقینی بنائےگی۔ 

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ پروگرام کے  پہلے مرحلے میں لاہورکے عوام کوان کی دہلیز  پر 10 سروسزدی جارہی ہیں، لاہور کے شہری  پیدائشی سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ،طلاق سرٹیفکیٹ گھر کی دہلیز  پر حاصل کرسکیں گے جب کہ ان سروسز میں ڈومیسائل، ای اسٹیمپ، وہیکل رجسٹریشن، وہیکل ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس اور  پراپرٹی ٹیکس سروس بھی شامل ہے۔ 

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ یہ پروگرام  دو مرحلوں پر مشتمل ہوگا اور دوسرے مرحلے میں بھی شہری سہولیات گھر کی دہلیز  پر حاصل کرسکیں گے۔

 دوسرے مرحلے میں شہریوں کو پولیس ویری فکیشن، لرنرڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ایف آئی آر کاپی، ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس اور کرایہ دار  رجسٹریشن کی سہولیات دہلیز  پر ملیں گی۔