کوئٹہ: وزیر داخلہ بلو چستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ گوادرکے نام نہاد خیر خواہوں کی وجہ سے بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری میں خلل پڑرہا ہے گوادر کے عوام کو خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ گوادر کی ترقی کے لئے آگے بڑھیں یامنفی سیاست کا شکار ہوکر اپنے آنے والے مستقبل کو دھاو پر لگادیں، پنجاب اور پنجابیوں کو الزام دینا کہ بلوچستان کی ترقی میں وہ رکاوٹ بن رہے ہیں یہ تاثر سراسر غلط ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو گوادر میں منعقد اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی، اجلاس میں آئی جی پولیس بلو چستان عبدالخالق شیخ،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ زاہدسلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اور ڈی سی گوادر، ڈی آئی جیز سمیت اعلی حکام نے شرکت کی،
اجلاس میں صوبے بھر میں سیکورٹی انتظامات،امن وامان کی بحالی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر داخلہ بلو چستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کو روکنے میں یہاں کے چندنابلد لوگوں کا قصور ہے
جو روز کسی نہ کسی معاملے پر سٹرکیں بند کرکے بلاجواز احتجاج کررہے ہیں مظاہرین آئے روز لاپتہ افراد کے معاملے پر احتجاج کے بجائے حکومت کے ساتھ بیٹھ کر اس مسلئے کا حل نکالے حکومت نے پہلے روز سے یہ اعلان کیا ہے کہ حکومت آئین وقانون کے تحت ہر مسئلے کوبات چیت کے ذریعے حل کو تیار ہیں میں اپنی ماوں اور بہنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ آئیں مستقبل سنوارنے اور ترقی وخوشحالی کے لئے ہمارا ساتھ دے۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی قوم وملک کی ترقی میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے خواتین آنے والی نسلوں کو بارود اور اندھیروں میں دھکیلنے کے بجائے ترقی،
تعلیم اور کتاب کا درس دے جذباتی اور علیحدگی کے من گھڑت نعرے صرف اور صرف سیاسی فائدے اور پاکستان کی ترقی روکنے کے لئے ہیں پاکستان تاقیامت رہے گا نوجوان آئے اور خدائے داد صلاحیتوں سے بلوچستان کی ترقی میں حصہ لے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق نوجوان بندوق اٹھانے کے بجائے تعلیمی میدان میں رہے کر اپنے ملک اور قوم کی خوشحالی کے لئے کردار ادا کرے۔