|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2024

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈ سے پنجاب کے لوگوں کو بجلی بلوں میں ریلیف دیا ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کی اور شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ کو یقین کیوں نہیں ہو رہا سندھ میں 16 سال سے حکومت آپ کی ہے، مریم نواز کی نہیں، الزام کی سیاست سے نکل آئیں، پلیز گرو اپ۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے ظاہر ہے وہ یہاں ہی لوگوں کو ریلیف دے سکتی ہیں، اگر سندھ میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو آج مریم نواز سندھ کے لوگوں کو بھی یہ ریلیف دیتیں۔

انہوں نے شرجیل میمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا اس بات کا آپ کی لیڈر شپ کو بھی علم ہے، تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں، اگر آپ کو خدمت کا موقع ملا ہے تو عوام کی خدمت کریں۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا ہے کہ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز تو پنجاب کی خدمت کریں گی اس سے ان کو کوئی بھی نہیں روک سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ 7 ماہ سے تحریک انصاف مریم نواز کے ہر عوام دوست اقدام پر تنقید کر رہی ہے، اب پیپلز پارٹی بھی پنجاب کے عوام سے اس قدر تعصب کا مظاہرہ کرے گی یہ سوچا نہیں تھا، پیپلز پارٹی تحریکِ انصاف کی بی ٹیم کا رول کب سے ادا کرنے لگ گئی؟

ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ نے پہلے بھی پاکستان سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا، اب بھی مسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔