لاہور: کچے کے علاقے میں پولیس ملازمین کا مورال بڑھانے کے لئے خصوصی الائونس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق خصوصی الائونس کی سمری محکمہ خزانہ پنجاب کو موصول ہو گئی ہے ۔
آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور کی جانب سے ہارڈ ایریا الائونس دینے کی سمری ارسال کی گئی۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ حتمی منظوری کے بعد کچے کے علاقے میں ڈیوٹی کرنے والے انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، حوالداروں کو الائونس دیا جائے، ہارڈ ایریا الائونس صرف درجہ چہارم اور انسپکٹرز تک کے ملازمین کو دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے ارسال سمری میں رحیم یار خان اور راجن پور کے 1357 ملازمین کو الائونس دینے کی منظوری کی درخواست کی گئی ہے۔
کچے کے علاقے میں آپریشن کرنے والے ملازمین کو ہارڈ ایریا الائونس دینے پر 33کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی جی پنجاب پولیس عثمان انور کی جانب سے 33کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرنے کی درخواست کی گئی ہے، کچے کے علاقے میں آپریشن کرنے والے ملازمین مشکلات سے دوچار ہیں ، رحیم یار خان میں 943اور راجن پور میں 414انسپکٹرز لیول کے ملازمین کو الائونس دینے کی سمری ارسال کی گئی ہے۔