واشنگٹن: امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قندوز ہسپتال پر بمباری کے الزام میں 16 امریکی فوجیوں کو سرزنش کے لیٹرز جاری کئے گئے ہیں جن میں انھیں سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ ان فوجیوں کو مجرمانہ الزامات کی بجائے محض انتظامی کارروائی کے تحت سزا دی گئی ہے۔ امریکی فوج کی تحقیقات میں ہسپتال پر بمباری کو ’انسانی غلطی‘ قرار دیا گیا تھا۔ تفتیش میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے ہسپتال کو ایک ایسی سرکاری عمارت کے دھوکے میں نشانہ بنایا جس پر طالبان نے قبضہ کر رکھا تھا۔ سزا پانے والے فوجیوں میں خصوصی آپریشنز کے اہلکار اور ایک جنرل افسر شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان اہلکاروں کو صرف سرزنش کے لیٹرز ہی دیے گئے ہیں جن کی وجہ سے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی ملازمت ختم ہو سکتی ہے۔