کوئٹہ: زیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اپنی ناک کے نیچے ہونے والی کرپشن سے لا علم رہنے پر ندامت ہے۔ خود کو احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری جماعت ہے اور نیب کے حالیہ کریک ڈاؤن مثبت سمجھتی ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ کرپشن کے خلاف اقدامات کو مثبت لیں۔ مالک بلوچ نے کہاکہ ہم نے ڈھائی سال تک گڈ گورننس کی کوشش کی۔ میرے ناک کے نیچے اتنی کرپشن ہوئی اور میں لاعلم تھا۔ایک بیورو کریٹ کے گھر سے اتنی بڑی رقم کا برآمد ہونا باعث ندامت ہے۔سابق وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں اور چاہے جس بھی کمیشن سے تحقیقات کرائی جائے اس کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیب دو ہزار دو سے لیکر آج تک جتنی بھی کرپشن ہوئی سب کی تحقیقات کریں۔