|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2016

لاہور:  امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمان رفاہی میدان میں پیچھے رہیں گے تو مغربی این جی اوز کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ضرورت مندوں کی خدمت کا درس رسول اکرم ؐنے دیا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ ملک بھر میں رفاہِ عامہ کے لیے نچلی سطح تک منظم نیٹ ورک تشکیل دے رہی ہے۔اس وقت جماعۃ الدعوۃ کے تحت 7ہسپتال کام کر رہے ہیں ۔ بلوچستان، سندھ و دیگر علاقوں میں جاری رفاہی سرگرمیوں سے پاکستان کیخلاف بیرونی سازشیں دم توڑ رہی ہیں ۔فیصل آباد کے باسیوں کے لئے الحمد میڈیکل کمپلیکس ایک تحفہ ہے جس میں اچھا اور معیاری علاج کیا جائے گا۔میڈیکل کمپلیکس میں ضلع بھر کے غریب مریضوں کومفت سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مرکزخیبر نشاط آباد میں الحمد میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیرحمزہ ، جماعۃ الدعوۃ فیصل آبادکے مسؤل فیاض احمداور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن فیصل آباد کے انچارج ڈاکٹر ظفر اقبال سمیت شہربھر کی معزز اور میڈیکل فیلڈ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعدادمیں شرکت کی ۔جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعیدنے کہاکہ اسلام دشمن این جی اوز خدمت کی آڑ میں وطن عزیزپاکستان میں اپنے نظریات کی ترویج کررہی ہیں ۔ہمیں متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ جماعۃالدعوۃ رنگ ونسل اور مذاہب کی تمیز کے بغیردکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔ ہمارا اولین مقصد فیصل آباد کی عوام کو سستا اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے ۔میڈیکل کمپلیکس میں خواتین کے لئے علیحدہ سے شعبہ جات ،ان کیلئے لیڈی ڈاکٹرز اورخواتین پیرامیڈیکل سٹاف کا انتظام کیاگیاہے تاکہ باپردہ مریض خواتین کو علاج کرواتے ہوئے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں الحمد میڈیکل کمپلیکس کا قیام جماعۃ الدعوۃ کاخدمت انسانیت پر یقین کاثبوت ہے ۔اس کے قیام کا مقصد اسلام کی صحیح تصویر عوام الناس کے سامنے پیش کرنا ہے۔جماعۃ الدعوۃ کی کوشش ہے کہ مساجد ومدارس کے ساتھ میڈیکل کمپلیکس قائم کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اس کے نظریات کی حفاظت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔دین دار طبقے کا میڈیکل کے شعبے میں کردار اداکرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ سیرت نبوی ﷺمیں ہمیں خدمت انسانیت کا درس ملتا ہے ۔حافظ محمدسعید نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ آفت زدہ علاقوں میں پچھلے کئی برسوں سے کام کررہی ہے لیکن بیرونی قوتوں کو جماعۃ الدعوۃ کا ریلیف کا یہ کام بھی ہضم نہیں ہورہا۔خدمت خلق کی وجہ سے آج صوبائیت کی بنیادپر بننے والی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں ۔اس موقع پر ڈاکٹرظفراقبال چیمہ نے الحمد میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ جات کاتعارف کرواتے ہوئے کہاکہ اس میں آؤٹ ڈور،میڈیکل لیب ،24گھنٹے ایمرجنسی سروس، ابتدائی طبی امداد،سرجری ،جلد،الٹراساؤنڈ ،فزیوتھراپی ،گائنی،ایمبولینس سروس اور دیگر شعبہ جات قائم کئے گئے ہیں۔ میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹر نعیم اشرف (یورالوجسٹ )،ڈاکٹر عمران (چلڈرن اسپیشلسٹ )،ڈاکٹر جاوید اقبال(آئی اسپیشلسٹ) ،ڈاکٹر ناصر ،ڈاکٹر عنبر عمران (گائناکالوجسٹ )،ڈاکٹر طاہرہ یاسمین (الٹراساؤنڈ اسپیشلسٹ)اور دیگر میڈکل سٹاف خدمات انجام دیں گے ۔