|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2016

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صوبہ پنجاب کے چار روزہ دورے پر فیصل آباد پہنچ گئے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا استقبال کیا سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ چار روزہ دورے پر پارٹی کے مرکزی رہنما پنجاب کے صدر ملک ایوب ،جنرل سیکرٹری طالب حسین ،مرکزی کمیٹی کے رکن ملک نذیر ،میاں آفتاب کے ہمراہ ساہیوال ،خانیوال ،پاک پتنن ،بہاولنگر ، نارووال اور میانوالی کا تنظیمی و سیاسی دورہ کریں گے۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فیصل آباد میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک کے مظلوم و استحصال زدہ عوام کی سیاسی نمائندہ جماعت ہے ہمیں چاہئے کہ ہم ٹریڈ یونین ،طلباء و مزدور تنظیموں کے ساتھ روابط کو مضبوط بناکر پارٹی کو پنجاب بھر میں مزید فعال و متحرک کرنے میں اپنا سیاسی و نظریاتی کردارادا کریں ۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارٹی بلوچستان سے نکل کر پورے ملک میں پھیل رہی ہے پارٹی میں نوجوانوں کی شمولیت و دلچسپی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک کے غریب و پسے ہوئے طبقات کے سیاسی و معاشی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والی سیاسی جماعت ہے ہمیں چاہئے کہ ہم ملک کے کونے کونے میں مظلوم طبقات و مزدور تنظیموں کو ساتھ ملاکر انکے طبقاتی مفادات کے حصول کیلئے اپنا سیاسی کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اگرکسی طبقے کو نمائندگی نہیں ہے تو وہ مزدور و محنت کش طبقہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم سب نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر مزدور و محنت کش طبقے کی نمائندہ جماعت بن کر انکی نمائندگی کا حق ادا کرسکتے ہیں۔دریں اثناء سابق وزیراعلیٰ بلوستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،فیصل آباد کے صدر شہادت گجر کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کرنے کیلئے انکے گھر گئے اور دعائے مغفرت کی ڈاکٹر مالک بلوچ آج جمعہ کو نیشنل پارٹی خانیوال کے ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے کارکنوں کی بڑی تعداد نیشنل پارٹی خانیوال کے ورکرز کنونشن میں شرکت کیلئے خانیوال پہنچ چکی ہے۔