|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2016

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سوئی گیس فیلڈ کا پی پی ایل کیساتھ معاہدہ ایک تاریخ کی حیثیت رکھتا ہے حالیہ معاہدے میں صوبے کو سالانہ ساڑھے7 ارب روپے حاصل ہونگے جبکہ اس رقم میں سالانہ10 فیصد ڈیرہ بگٹی کے تعمیر وترقی پر خرچ ہو گا بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی علاقے میں ہسپتال اور سکولوں کی مرمت اور بچوں کو ملک کے بڑے کالج میں تعلیم دینا اس معاہدے کے ثمرات ہیں ہم نے آج اپنے عوام سے کیا ہوا وعدہ پوراکردیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ سوئی گیس فیلڈ کا پی پی ایل کیساتھ ہونیوالا معاہدہ تاریخی حیثیت کا حامل ہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی،وفاقی وزیر مملکت میر جام کمال ، وفاقی سیکرٹری پٹرولیم اور دیگر حکام کا مشکور ہوں جنہوں نے بلوچستان کیساتھ مخلصانہ سوچ کی عکاسی کر تے ہوئے پی پی ایل حکام کو آمادہ کیا اور میرا ساتھ دیا انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ڈیرہ بگٹی کے عوام سے یہ وعدہ کیا تھا کہ ان کے طرز زندگی کو بہتر بنا نے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے آج جو معاہدہ طے پایا ہے تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ لیز کی توسیع کا معاہدہ عوامی نمائندوں نے کیا ہے اس سے قبل یہ فیصلے اسلام آباد کے ائیر کنڈیشن کمروں ہوا کر تے تھے ہم اپنے عوام کو اس معاہدے کے ثمرات سے آگاہ کر نا چا ہتے ہیں پی پی ایل حکام سے کئے ہوئے معاہدے کے مطابق پی پی ایل حکام2 سال کے اندر اندر تمام ڈیرہ بگٹی کے سر کاری سکول اور ہسپتالوں کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل کریگی ڈیرہ بگٹی کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کا خصوصی پیکج بھی مرتب کیا گیا ہے اور معاہدے کے تحت ہر سال 15 ڈپلومہ ہولڈرز اور10 انجینئرز کو پی پی ایل میں ملازمت دی جائیگی جبکہ10 سال کے دوران 100 بچوں کو لارنس کالج مری میں پڑھایا جائیگا سوئی ٹاؤن کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائے جائیگی پائپ لائن ورکرز جو پہلے یومیہ اجرت پر کام کر تے تھے ان کی تنخواہیں لیبر لاء کے مطابق 12 ہزار روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی معاہدے کے بعد ہر سال حکومت بلوچستان کو ساڑھے سات ارب روپے حاصل ہونگے جس کا10 فیصد جو تقریبا70 کروڑ روپے بنتا ہے ڈیرہ بگٹی کے تعمیر وترقی پر خرچ کیا جائیگا یومیہ پانچ ہزار گیلن پانی سوئی کے عوام کو دینے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ اب وہ دن دور نہیں جب ہم ڈیرہ بگٹی کو ایک ترقی یافتہ ضلع بنا کر یہاں کے عوام کے طرز زندگی کو بہتری کی جانب لے جائینگے ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت علاقے کی ترقی کو سامنے رکھتے ہوئے جدوجہد کی ہے ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت ہے اور ہم نے ہمیشہ ایسی کو اپنا شعار بنایا ہے آج ڈیرہ بگٹی اور سوئی ترقی کی راہ پر گامزن ہو نے جا رہا ہے ہم ڈیرہ بگٹی کے عوام کے حقوق کا تحفظ جاری رکھیں گے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔