|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2025

 جامعات کی درجہ  بندی کرنے  والے  عالمی  ادارے کیو  ایس  نے  سال 2026  کی جامعہ  درجہ بندی  رپورٹ  جاری کر دی ہے  جس کے  مطابق  پاکستان کی کوئی  بھی جامعہ  دنیا  کی 350 بہترین  جامعات کی فہرست میں جگہ  نہیں  بنا سکی۔

کیو ایس کی درجہ بندی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی 354 ویں نمبر  پر  جب کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) 371 ویں نمبر  پر  موجود ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ  ملک کی سب سے بڑی جامعہ کراچی 1001 جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی تاہم سندھ کی کوئی اور  جامعہ دنیا کی 1500 بہترین جامعات کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔

کیو ایس عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی مجموعی طور پر 18 جامعات کو عالمی سطح کے 1500 اعلیٰ اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔

 درجہ بندی میں دیگر قابل ذکر پاکستانی جامعات میں پنجاب یونیورسٹی 542، لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنس(LUMS) 555  اور  یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد 654 جامعات میں شامل ہیں۔

اسی طرح کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 664، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنز  721، یو ای ٹی لاہور  801، پشاور یونیورسٹی 901،  آغا خان یونیورسٹی 1001 اور   یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی 1201 جب کہ اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور 1401 درجہ پر رہی۔

درجہ بندی میں 10 بہترین جامعات میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) امریکا بدستور  پہلے نمبر  پر  براجمان ہے جب کہ امپیریل کالج لندن دوسرے اور  اسٹینفورڈ یونیورسٹی امریکا تیسرے نمبر  پر موجود ہے۔

اسی طرح آکسفورڈ یونیورسٹی چوتھے، ہارورڈ یونیورسٹی پانچویں، کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ چھٹے، ای ٹی ایچ زیورخ ساتویں، نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور آٹھویں، یو سی ایل لندن نویں اور کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی امریکا دسویں نمبر پر  رہے۔