|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2025

کراچی آگرہ تاج میں مخدوش 7 منزلہ رہائشی عمارت کو خالی کرا دیا گیا، تفصیلی رپورٹ آنے پر عمارت کو گرا دیا جائے گا جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے حکام نے پانی کی بوسیدہ ٹینکی توڑ دی، جس پر رہائشیوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری آگرہ تاج میں مخدوش 7 منزلہ رہائشی عمارت کو خالی کرا کر سیل کردیا گیا۔ ایس بی سی اے کے حکام نے عمارت کی پانی کی ٹینکی توڑ دی، جس پر عمارت کے رہائشیوں نے شدید احتجاج کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر آگرہ تاج ٹیم کے ہمراہ رات گئے عمارت کو خالی کرانے کے لیے پہنچے، جہاں انہیں رہائشیوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

اسسٹنٹ کمشنر کہا کہ ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بلڈنگ کی انسپکشن کی ہے، تفصیلی رپورٹ آنے کے بعد ایک 2 دن میں عمارت کو گرا دیا جائے گا، عمارت میں 12 یونٹس ہیں، جن میں سے 11 میں تاحال لوگ رہائش پذیر ہیں۔

رہائشیوں کا مطالبہ ہے کہ متبادل رہائش فراہم کیے بغیر انہیں بے دخل نہ کیا جائے جبکہ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

یاد رہے کہ بلڈنگ کو رواں سال اپریل میں ناقابل رہائش قرار دیا گیا تھا۔