کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے کے تمام مدارس کو محکمہ تعلیم کے ذریعے رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مدارس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم اور قانون سازی کیلئے صوبائی حکومت نے ایک اعلیٰ سطح کی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ کمیٹی کے اراکین میں بلوچستان کے سیکریٹری محکمہ تعلیم ، صوبائی سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور، سیکرٹری محکمہ صنعت اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے سیکرٹری شامل ہیں۔بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تمام مدارس کے مقام، نام، اساتذہ اور طالب علموں کی معلومات جمع کرنے کیلئے ایک فارم پہلے سے تیار کرلیا محکمہ تعلیم کے عہدیدار نے بتایا کہ اس طرح ہمیں ان مدارس میں موجود اساتذہ اور طالب علموں کی اصل تعداد معلوم ہوجائے گی۔حکام کے مطابق سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے ان مدارس کی رجسٹریشن کا کام محکمہ صنعت سے محکمہ تعلیم کو منتقل ہوجائے گا۔صوبائی سیکرٹری تعلیم صبور کاکڑ نے بتایا کہ بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے پہلے سے ہی کوئٹہ اور صوبے کے دیگر حصوں میں موجود نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ٗاسکولوں کی رجسٹریشن کے بعد مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز کیا جائیگا۔