|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2025

کوئٹہ :بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل کو کوئٹہ ایئرپورٹ پر دبئی جانے سے روک دیا گیا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق سردار اختر مینگل کا نام “پی این آئی ایل” (پاسنجر نیم انڈینٹیفکیشن لسٹ) میں شامل تھا، جس کی وجہ سے انہیں آف لوڈ کیا گیا۔

سردار اختر مینگل نے واقعے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں بیرون ملک جانے سے روکا گیا اور ان کا نام بغیر کسی پیشگی اطلاع کے پی این آئی ایل لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔

“آج مجھے دبئی جانے سے کوئٹہ ایئرپورٹ پر روکا گیا۔ ایئرپورٹ حکام نے مطلع کیا کہ میرا نام پی این آئی ایل لسٹ میں شامل ہے۔ یہ فیصلہ میرے علم کے بغیر اور کسی واضح وجہ کے بغیر کیا گیا ہے۔”

بی این پی کے ترجمان نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاسی انتقام کی ایک اور کڑی ہے اور اس سے جمہوری روایات کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سردار اختر مینگل کا نام فوری طور پر لسٹ سے نکالا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع سے تاحال کسی قسم کی وضاحت سامنے نہیں آ سکی کہ سردار اختر مینگل کا نام کس بنیاد پر پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔