کوئٹہ +کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماو رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے فیڈریشن ہاؤس کراچی کا دورہ کیا۔
فیڈریشن ہاؤس پہنچنے پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر خان اور سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے انکااستقبال کیانوابزادہ میر جمال رئیسانی نے ایف پی پی سی آئی کے سیکریٹری جنرل ایف پی سی سی آئی بریگیڈیئر ریٹائرڈ افتخار اوپل سے ملاقات کی ملاقات میں نائب صدور ایف پی سی سی آئی معمین خان ، ناصر خان، سابق نگران وزیراعلیٰ علاؤالدین مری، چیئرمین نیشنل بزنس گروپ میاں زاہد حسین اور میر فرید جان رئیسانی بھی موجود تھے ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور کاروباری مواقعوں،صنعت کاری کے شعبے کے مسائل اور غیر ملکی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نوابزادہ میرجمال خان رئیسانی نے کہا کہ ملک بدترین بحران سے نکل کر معاشی بحالی کی طرف گامزن ہے،تبدیلی کے کھوکھلے دعوے کرنے والوں نے نوجوانوں کے وقت اور صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت میں پیپلز پارٹی کے تعاون سے بگڑتی معیشت کو سہارا ملا،سپہ سالار کی قیادت میں ایس آئی ایف سی نے معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ملک میں صنعتوں کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کی داعی رہی ہے ان شاء اللہ آئندہ وفاقی حکومت کے سربراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔
نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ ایڈ نہیں ٹریڈ کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر پیپلزپارٹی پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی پاکستان خصوصاً بلوچستان اس وقت دنیا بھر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے بہت جلد بلوچستان میں دوست ممالک کے ذریعے سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہوگا