|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2025

کوئٹہ :  جھالاوان عوامی پینل کے رہنمائوں میر مطیع الرحمن مینگل، میر ندیم الرحمن ، میر شہباز خان قلندرانی، میر صفی اللہ، نصیر احمد مینگل دیگر نے کہا ہے کہ یوم آزادی کا دن ہمارے اکابرین اور بزرگوں کی قربانیوں کی علامت ہے

اور آپس کے گروہی اور ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی سالمیت ، ترقی ، امن اور استحکام کیلئے متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور زندہ قومیں آزادی کے دن کو شایان شان طریقے سے مناتی ہے قوم پرستوں نے ہمیشہ ملک کی مخالفت کی ہم نے ان کی سازشوں کو ناکام بناکر اس کو مضبوط کرکے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں شال زون کے زیر اہتمام ’’نظریہ پاکستان کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے کا حصہ بننے کی بجائے، ملک کی تعمیر و ترقی اور مضبوطی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔پاکستان کا دفاع افواج پاکستان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے دشمن کو دندان شکن جواب دیکر سبق سکھایا ہے۔

بلوچستان میں انتشار پھیلانے والوں کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ ملک کے دفاع کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے پاکستان ناقابل تسخیر قوت ہے ۔ آزادی کی قدر و قیمت فلسطین سمیت دیگر ان مسلم ممالک سے پوچھیں جوکہ اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

اور مظالم سہ رہے ہیں ہمیں شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہم پاکستان کی آزاد فضاء میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ملک کی آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دی گئیں ۔ بلوچستان کے لوگ محب وطن اور مادر وطن سے محبت کرنے والے ہیں۔ جشن آزادی خوشی کے ساتھ ساتھ یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور ملک کے دفاع، امن اور خوشحالی سمیت مضبوطی کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔

مقررین نے کہا کہ شہید میر عطاء الرحمن مینگل نے ہمیشہ ملک دشمن قوتوں کی مخالفت اور ان کے عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا اور ہر وقت اس حوالے سے پیش پیش رہے مادر وطن کیلئے اپنی جان کی قربانی دیکر ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے۔ ہم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا نے کیلئے بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنیںرہیں گے۔