|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2025

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حالیہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

اس موقع پر انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی قربانی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قدرتی آفات انسان کے اختیار سے باہر ہیں، مگر ان کے اثرات ہر دل کو مغموم کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ سانحات اور آفات کا مقابلہ ہمت، حوصلے، بہتر حکمت عملی، یکجہتی اور بھائی چارے سے کیا جا سکتا ہے اور اس وقت قومی اتحاد ہی سب سے بڑی ضرورت ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ خاندانوں کے صبر و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نیاظہارِ یکجہتی نیک خواہشات پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا

دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی خصوصاً قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ قدرتی آفات انسان کے اختیار سے باہر ہیں لیکن ان کے دکھ اور اثرات ہر دل کو مغموم کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کڑا وقت ہے

اور ایسی ہی صورتحال سے 2022 میں سندھ اور بلوچستان کے عوام بھی گزر چکے ہیں اس لیے ہم بخوبی جانتے ہیں کہ ایسے سانحات کس قدر تکلیف دہ اور آزمائش بھرے ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کو افسردہ کر دیا ہے اور بلوچستان کے عوام اپنے خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کی تکلیف ہمارے لیے مشترکہ درد کی مانند ہے

اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے بھی دعا کی اور اس المناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔