کوئٹہ : وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ جاری رہا چیئرمین بابل ملک اور ڈاکٹر طارق بلوچ کا اظہار یکجہتی بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی قیادت میں احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 5911 ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔
تنظیم کا یہ طویل احتجاج لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے مطالبے کے لیے جاری ہے۔٫
اس موقع پر بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے وائس چیئرمین بابل ملک بلوچ اور ڈاکٹر طارق بلوچ نے کیمپ کا دورہ کیا اور وی بی ایم پی کے رہنمائوں اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔
انہوں نے جبری گمشدگیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے۔رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں اور بلوچوں کے ماورائے قانون قتل کے سلسلے کو ختم کیا جائے
اور لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کر کے ان کے خاندانوں سے ملایا جائے۔بی ایس او پجار کے دونوں رہنمائوں نے اپنی تنظیم کی جانب سے وی بی ایم پی کی جدوجہد میں بھرپور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے یہ جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔