|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2025

اسرائیلی فوج نے جمعے کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ شہر میں ’غیرمعمولی طاقت‘ استعمال کرے گی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان میں فلسطینی شہر کے رہائشیوں پر زور دیا گیا کہ وہ جنوب کی طرف نکل جائیں۔ فوج نے 48 گھنٹے قبل کھولے گئے عارضی انخلا کے راستے کو بند کرنے کا اعلان بھی کیا۔

غزہ شہر پر قبضہ کرنے کی اسرائیل کی کوشش نے بین الاقوامی غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ غزہ کا یہ علاقہ پہلے ہی تقریباً دو برس سے جاری جنگ سے تباہ ہو چکا ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق شہر میں خوراک کی انتہائی قلت ہے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں گزشتہ  24  گھنٹوں کے دوران مزید 50  سے  زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

  اسرائیلی فوجیوں نے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بھی بمباری کی  جس کے نتیجے میں2  بچے شہید ہوگئے۔

غزہ شہر کے مرکز میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی  کا سلسلہ جاری ہے جب کہ  زمینی آپریشن میں اب تک غزہ شہر کی1700 کثیر المنزلہ عمارتیں تباہ کی جاچکی ہيں۔

غزہ سٹی سے اب تک ساڑھے 4 لاکھ فلسطینی نقل مکانی کرچکے ہیں اور شہر چھوڑنے والے افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار ہو چکی ۔

اس کے علاوہ 2 روز قبل  اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے 40 فیصد حصے پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا۔