|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2025

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں انہیں کسی صورت رعایت نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کےلیےاقدامات کررہے ہیں، دہشتگردوں کےخلاف سخت ترین زمیینی اور فضائی آپریشنز جاری ہیں، ریاست کی رٹ کو کسی صورت چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں انہیں کسی صورت رعایت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فورسز نے گزشتہ روز دہشت گردوں کے خلاف اہم کارروائی کی، ہم نے چاغی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں زبیر نامی شخص اور اس کا ساتھی مارا گیا، اب لوگ کہہ رہے ہیں کہ زبیر ایک وکیل تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد زبیر عرف شاہ جی چینی باشندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا تھا اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے تخریبی منصوبہ بندی کرتا تھا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ زبیر عرف شاہ جی دالبدین میں بی ایل اے کے لیے دہشتگرد بھی بھرتی کرتا تھا، دہشتگردوں نے ’ براس ’ کے نام سے ایک تنظیم بنا رکھی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد جہانزیب نے ہتھیار ڈالے اور اس کے دیگر ساتھی ہلاک ہوگئے، جہانزیب نے سرینڈر کیا اور ویڈیو بیان میں مختلف کارروائیوں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو بلوچستان میں ایک پروفیسر کی جانب سے دہشتگرد حملے کا منصوبہ تھا، دہشت گرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، مگر سیکیورٹی فورسز نے ان کے منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سیکیورٹی فورسز کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کا امن کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے، نوجوانوں کو انتہاپسند ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہائی ویلیو ٹارگٹ کو پکڑنا فورسز کی اہم کامیابی ہے، فورسز نے دہشت گردوں کے کئی منصوبوں کو بروقت ناکام بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوا جس کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔