کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بلوچستان کا کردار بہت اہم ہے. بلوچستان میں بارڈر ٹریڈز اور سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں اور ہمارا صوبہ ایران، افغانستان اور خاص طور پر سینٹرل ایشیا تک رسائی بھی دے سکتا ہے. نوشکی سمیت تمام سرحدی علاقوں میں سرحدی تجارت کو فروغ دینا اور معاشی سرگرمیوں کو مستحکم کرنا نہایت مددگار ثابت ہو سکتا ہے.
نوشکی کے غریب عوام کی ترقی و معاشی آسودگی کیلئے مزید ترقیاتی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی میر دستگیر بادینی کے ساتھ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دو ہمسایہ ممالک کے طویل سرحدوں پر بارڈر مارکیٹس کا قیام اور تجارتی سرگرمیوں کا فروغ نہ صرف مقامی آبادی کے مسائل حل کرنے میں مدد دیگا بلکہ ملکی معیشت کی بحالی میں بھی معاون ہو سکتا ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ معاشرے میں صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے، لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے،
سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ہمسایہ ممالک کے تجارتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے حوالے سے نہایت اہم کردار ہے. ہم باقاعدہ وفاقی اور صوبائی سطح سرحد کے قریب علاقوں میں آباد لوگوں اور خاص طور پر تاجروں کو درپیش مسائل، مشکلات اور مطالبات سے متعلقہ حکام کو آگاہ کرتے آ رہے ہیں اور آئندہ بھی ملک اور صوبے روشن مستقبل کیلئے کردار ادا کرتا رہوں گا.
سرحد کے قریب مقامی سطح پر چھوٹے چھوٹے تاجروں کی تجارت سے نہ صرف ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہیں بلکہ ان معاشی و تجارتی سرگرمیوں سے ملک اور صوبے کی سطح پر بڑے تاجروں کو بھی تقویت ملتی ہے. سردست دونوں سیکورٹی کے خدشات اور مقامی آبادی کے ذریعہ معاش کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید عوام دوست اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں.