کوئٹہ: صوبائی وزیر خوراک و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ڈھائی، ڈھائی سالہ فارمولے پر معاہدہ طے پایا ہے،
جس کے تحت ابتدائی ڈھائی سال تک میر سر فراز بگٹی وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز رہیں گے جبکہ اس کے بعد تبدیلی کا امکان موجود ہے۔ اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ نے کہا کہ انہیں یہ بات مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے بتائی گئی ہے
اور پارٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگز میں بھی اس فارمولے کی تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے پاس یہ معاہدہ دستاویز کی شکل میں موجود ہے، تاہم اس پر عمل درآمد ایک الگ معاملہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کے آئندہ امیدوار کے حوالے سے پوچھے گئے
سوال پر نور محمد دمڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت صوبے کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی، اور جو بھی نام سامنے آئے گا وہ جماعت اور صوبے کے حق میں ہوگا۔