وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کیوں معافی مانگے، سیلاب کے دوران تنقید کرنے والے ترجمان معافی مانگیں، میں نے اپنے عوام کے لیے آواز بلند کیں، آئندہ پنجاب پر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں۔
جمعے کو لاہور میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی میری ترجیج ہے، لاہور میں الیکٹرک بسیں عوام کے لیے تحفہ ہیں، لاہور میں مزید الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی، ایس آر ٹی سب سے پہلے لاہور میں چلائی گئی تھی، لاہور کے چپے چپے میں میں ترقی کا سہرا ن لیگ کو جاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں نے نوازشریف اور شہبازشریف کی روایت کو آگے بڑھایا، میں نے منصوبوں کو پورے پنجاب تک پھیلایا، دوسرے صوبوں کے لوگ لاہور آکر کہتے ہیں لگتا ہے دوسرے ملک آگئے، لوگ کہتے ہیں اپنا وزیراعلی ہمیں دے دیں، پورے پنجاب میں گرین بسیں رواں دواں ہیں، پورے پنجاب کی ترقی میرا مشن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپنی طرح عوام کے لیے بھی اے سی والی گاڑیاں لیں، میری گاڑی وائی فائی نہیں، عوام کی گاڑی میں ہے، میری گاڑی میں چارجنگ پن نہیں، عوام کی گاڑی میں ہے، معذور افراد کے لیے بسوں میں خصوصی جگہ مختص ہے، الیکٹرک بس میں سفر کرنے والے معذور افراد کو وہیل چیئر دیں گے، پنجاب کے کئی شہروں میں سرکاری بس سروس ہی نہیں تھی۔
عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میانوالی کا ایک شخص اقتدار میں آیا تھا، میانوالی میں بھی سرکاری بس سروس نہیں تھی، اب میانوالی کے لوگ بس سروس پربہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرین بس سروس کا کرایہ صرف 20 روپے ہے، گرین بس خواتین، طالب علموں، بزرگوں اور معذوروں کے لیے مفت ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے رائے ونڈ تک بس سروس شروع کررہے ہیں، پہلے ٹھوکر سے رائے ونڈ تک کوئی بس سروس نہیں تھی، بس ٹھوکر سے کینال کے راستے جھلو موڑ تک جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ نے مجھے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، پنجاب کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات کام کررہی ہوں، آج بھی مختلف محکموں کے لوگوں سے ملاقات کی، پنجاب کے تمام 37 اضلاع میں 90 ہزار گھر بن رہے ہیں، گھر اپنا گھر اپنی چھت کے تحت بن رہے ہیں، نومبر کے شروع تک ایک لاکھ گھر کا ٹارگٹ پورا کرلیں گے، مزید 4 سے 5 لاکھ افراد کو اپنا گھر ملے گا، ان شاء اللہ۔
مریم نواز کے بقول عوام کو گھر کی دہلیز تک صاف پانی پہنچائیں گے، پنجاب بھر میں سیوریج و ڈرینج کا سسٹم لارہے ہیں، ستھرا پنجاب کے ڈیڑھ لاکھ ورکرز کام کررہے ہیں، ہر گاؤں ہر شہرمیں سڑکیں بنائی جارہی ہیں، گاؤں کی سڑکیں اور گلیاں پکی کی جائیں گی، دیہاتوں میں پارکس بنانے جارہے ہیں، اللہ نے پورے 5 سال دیے تو پنجاب ترقی کرجائے گا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بننے جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2 ملین خاندانوں کو راشن کارڈ دینے جارہے ہیں، معذور افراد کو ہمت کارڈ بھی دے رہے ہیں، اقلیتی برادری کو مینارٹی کارڈز بھی دیے جارہے ہیں، اسموگ کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، لاہور کی سڑکوں پر اسموگ کنٹرول گنز کام کررہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں صحت اور تعلیم پر بھی بہت کام ہورہا ہے، لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال بن رہا ہے، پنجاب کے کئی شہروں میں امراض قلب کے اسپتال بن رہے ہیں، ان شاء اللہ، ہر شہر میں ہر بیماری کا علاج کیا جائے گا، لاہور میں نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بن رہا ہے، میڈیکل ڈسٹرکٹ میں ہر مرض کا علاج کیا جائے گا، پنجاب کے ہر شہر کو محفوظ بنایا جائے گا۔
مریم نواز کے بقول پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران پونے دوسو لوگوں کو سانپوں نے کاٹا، ہم تیار تھے، ہم نے تمام جانیں بچالیں، سیلاب کے دوران انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی بچایا، ہماری کابینہ کے ارکان 14،14 دن گھر نہیں گئے، جب کسی صوبے پر تکلیف آتی تو کیا ہم الزامات لگاتے ہیں، ہم ہمیشہ دوسرے صوبوں کی مدد کرتے ہیں۔